پرائمری سکول میں ٹاٹ پربیٹھےتختی لکھنے کے دوران میں دوسروں کی دوات سےقلم کا"ڈوبہ" لگانا سب سے بڑی شرارت تصورکی جاتی تووہیں خوبصورت تختی لکھنا ایک اعزاز گردانا جاتا،جب اساتذہ تعلیم کو پروفیشن نہیں فرض سمجھتے تھے اور "مار نہیں پیار" کا فلسفہ تو ابھی دور کہیں بہت بلکہ دور تھا لیکن "پولیس اور تھانہ" اس وقت بھی خوف کی علامت اور صرف خون ہی نہیں بلکہ "طالب علموں کی تختیاں" خشک کرنے کی علامت بھی تھا :) ۔انہی دنوں کی بات ہے "تختی تختی دو دانے نہیں سکنا تے چل تھانے" کی گردان کرتا میں گیلی تختی کو خشک کرنے کی ناکام سعی میں مصروف تھا لیکن تختی تھی کہ تھانے کا نام سن کر بھی سوکھنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔ سردیوں کی اس دوپہر میں جب سکول کی بریک ٹائم ختم ہونے میں ابھی چند منٹ ہی باقی تھے کہ مجھے یاد آیاکہ "پکڑن پکڑائی" کھیلنے کی دھن میں کل کی لکھی تختی تو میں نے دھوئی ہی نہیں اورپھر میں بھاگم بھاگ تختی دھو لایا، تختی دھو تو لایا لیکن آج سورج انکل بھی کہیں دور جا چھپے تھے اورمیں ماسٹرجی کے خوف سے گول گول گھومتا سکول کے گراؤنڈ میں تختی کو سکھانے کیلئے چکر لگاتا اسے سنائے جا رہا تھا "تختی تختی دو دانے نہیں سکنا تے چل تھانے" کہ شاید تھانے کا خوف اسے خشک ہونے پر مجبور کردے کہ دفعتاً رمضان میاں نہ جانے کہاں سے آٹپکے اورتختی سوکھنے کی بجائےرمضان میاں کے ماتھے پر ایک بڑا سا زخم چھوڑ گئی،خون تھا کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھااور ادھر میرا خوف کے مارے خون خشک ہوچلا تھا،بات ہیڈماسٹرصاحب تک پہنچی اورانہوں نے "کمال محبّت" سے میری "چھترول" کرکے مجھے کل اپنا والد صاحب کو ساتھ لانے کا کہ کرسکول سے نکال دیااور یوں میری "اَن سوکھی" تختی سکول میں رہ گئی اور میں گھر آگیا شام میں ابا حضور کے سامنے بات رکھی گئی اور دوسرے دن ابا جان میرے ساتھ سکول آئے ، مجھے معافی مل گئی اور میں ہنسی خوشی اپنی کلاس میں پہنچ گیا۔لیکن یہ خوشی اس وقت عارضی ثابت ہوئی جب آخری پیریڈ میں ماسٹر صاحب نے تمام طلبہ کو اپنی اپنی تختیاں نکالنے کو کہا، اور جنہوں نے تختیاں نہیں لکھی تھیں ان کی شامت آگئی میری سوکھی تختی میرا منہ چڑا رہی تھی گویا مجھے کہ رہی ہو کل تو مجھے نہ سوکھنے پر تھانے لے جانے کی دھمکی دے رہا تھالیکن آج خود خوب پھنسا ہے ناں۔ ماسٹر صاحب نے ان تمام چھ طلبہ کو مرغا بن جانے کا آرڈردیاجوتختی نہیں لکھ کےلائے تھے،جھجھکتے جھجھکتے سب مرغا بن گئے اور اس سے پہلے کہ پٹائی شروع ہوتی ایک طالب علم نے دوڑ لگا دی اور کلاس سے فرار ہو گیا ماسٹر صاحب نے سب کو کھڑا کیا اور ایک سرے سے مارنا شروع کیا پہلی باری میری ہی تھی میرے ہاتھوں پہ دس ڈنڈے برس چکے تھے کہ دفعتاً چھٹی کی گھنٹی بج گئی، ماسٹر صاحب نے باقی لڑکوں کو چھوڑتے ہوئے کہا کہ جاؤ نامخولو( غیر معقول آدمی) کل تختیاں لکھ کے لانا۔ میں جو دس ڈنڈے کھا کر بھی بے شرموں کی طرح کھڑا تھا اس ناانصافی پر پھوٹ پھوٹ کر رو دیا۔ دن گزرتے گئے پرائمری سے ہائی سکول اور پھر کالج سے ہوتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھا لیکن وہ واقعہ کہیں نہ کہیں کبھی نہ کبھی تازہ ہو جاتا ، ماسٹر صاحب کی نا انصافی کے خلاف ایک گانٹھ میرے دل میں موجود تھی، عملی زندگی میں قدم رکھے برس گزر گئے بچپن کے دوست معلوم نہیں کہاں تھے کہ ایک دن میرے کچھ مہمان آئے بیٹھے تھے،اور میں کلینک میں مریضوں کے بنچوں پر بیٹھا تھا والد صاحب مریضوں کا چیک اپ کر رہے تھے کہ ایک لمبے قد کے بزرگ کلینک میں داخل ہوئے کچھ دیر میری طرف غور سے دیکھنے کے بعد ابا جان کی طرف بڑھ گئے ان کی آواز مجھ تک پہنچ رہی تھی،آپ کا ایک بیٹا میرے پاس پڑھا کرتا تھا اور آپ اکثر اس کی خبر گیری کیلئے سکول آتے تھے آج میرا دل چاہا کہ اس سے ملوں، ان کی آواز سن کے میں بے اختیار اندر کی جانب لپکاسفید داڑھی اور خوبصورت چہرے والے ماسٹر اقبال صاحب آج 26سالوں بعد میرے سامنے تھے جو محبّت سے مجھے ملنے آئے تھے،ان کی محبتوں کے سامنے ان کے خلاف دل میں بن جانے والی گانٹھ، ان کے خلاف سارے گلے شکوے کہیں دور گم ہو گئے تھے۔ میں ہار گیا ان کی محبت جیت گئی اس لئے کہ نفرتوں کے مقابلے میں "محبّت جیت جاتی ہے"
میرا ٹویٹراکاؤنٹ
Your Add here

میرے بارے میں
آمدو رفت
بلاگر حلقہ احباب
..............................
بلاگ فالوورز
ڈاکٹرمحمد اسلم فہیم. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
جمعرات، 11 دسمبر، 2014
محبّت جیت جاتی ہے
harfe arzoo
جمعرات, دسمبر 11, 2014
10
comments


اس تحریر کو
اساتذہ,
استاد,
استاد کی محبت,
اسلم فہیم کا بلاگ,
انسانی زندگی,
تختی,
تعلیم,
ٹاٹ سکول,
حرفِ آرزو,
قلم
کے موضوع کے تحت شائع کیا گیا ہے
10 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔شکریہ
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔
................................................................................

.
استاد کی عزت و احترام ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔ اس کی کوشش سے اگر کوئی نہیں کامیاب ہوتا تو اس میں اس کا نقصان کوئی نہیں ، بلکہ افسردگی ہے۔ اگر کوئی کامیاب ہو گیا تو اس میں دونوں کی کامیابی و فائدہ اور خوشی ہے۔
اچھی کاوش ہے جناب کی
میرے اساتذہ آج بھی میری دُعاؤں کا جز ہیں
نفرت محبت بھی عجیب جڑواں بہنیں ہیں ۔احساس کی ایک ہی کوکھ سے جنم لیتی ہیں ۔ایک جیسا چہرہ رکھتی ہیں اور ہم ساری زندگی ان کی پہچان کی آنکھ مچولی کھیلتے رہتے ہیں ۔ اللہ کے کرم سے آنکھ پر بندھی پٹی سرک جائے تو ان کے چہرے سے زیادہ اپنی نادانی شرمسار کر دیتی ہے۔ آنکھ کی نمی پل میں سب بھید کھول دیتی ہے ۔ اور ۔۔۔۔" محبت ہمیشہ جیت جاتی ہے "
واقعی جناب !
محبّت جیت جاتی ہے ۔۔۔۔۔۔
بہت اعلیٰ ۔۔۔۔
بہت خوب! اسی لیے کوشش کرنی چاہیے کہ دوست و احباب سے سلام دعا کے علاوہ ملاقات کا سلسلہ بھی جاری رہے کہ اس سے محبت بڑھتی ہے اور شکایتیں دور ہوتی ہیں۔
محبت جیت جاتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔لاجواب
زبردست۔۔۔۔۔
ماشاءاللہ،لاجواب تحریراور بےمثال تجزیہ
باقی چھوڑیں ہے دادا جی کے گلاب جامن کے بدلے تختیاں لکھنا آج بھی یاد ہے۔۔ کیونکہ میرے استاد وہی تھے
اعلیٰ تحریر ، میرے ذہن میں بھی کئی دریچے کھول گئی ۔
اسلم صاحب۔ ماشاء الله۔
واہ یعنی تختی آپ کو تھانے پہنچا گئی۔ اور کامل چھبیس سال "تھانیدار" کی ناانصافی کسک آپ پہ چھائی رہی۔ جبکہ کسک میں چھپی محبت کا ادراک آپ کو اچانک ہوا۔
واہ بہت عمدہ اور لاجواب۔ واقعہ محبت کا ایک لمحہ۔ دست شفقت کا ثانیہ عمر بھر پہ بھاری ہوتا ہے۔
جاوید گوندل۔ بارسیلونا، اسپین